نامعلوم افراد کی فائرنگ سے العریش میں پولیس افسر کی ہلاکت
قاہرہ25جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مصری فوج کے جیٹ طیاروں نے جزیرہ نما سیناء کے جنوب مغرب میں شدت پسندوں کے خلاف کی گئی فضائی کارروائی میں کم سے کم 12جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب العریش شہر میں اتوار کی شام نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس افسر مارا گیا۔مصری فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فورسز نے العریش اور دیگر مقامات پر شدت پسند تنظیم انصار بیت المقدس کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نیتجے میں ایک درجن جنگجو ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ اتوار کی شام العریش شہر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ملٹری پولیس کا ایک افسر بھی ہلاک ہوگیا۔مصری وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم افراد ک فائرنگ سے القسیمہ پولیس کے ڈپٹی انچارج کیپٹن احمد حسن رشاد کو نامعلوم افراد نے گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی۔اناطولیہ نیوز ایجنسی کے مطابق مصری پولیس افسر کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ معمول کے گشت میں مصروف تھے۔ واقعے کے بعدسیکیورٹی حکام نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا تھا تاہم کسی مشتبہ شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔